رائے پور25 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں آئی ای ڈی میں ہوئے دھماکے میں پانچ جوان زخمی ہو گئے۔ اس حملہ کے پیچھے نکسلیوں کا ہاتھ ہونے کی ا مید ہے، یہ وردات ہفتہ کو ہوئی۔ اس سے پہلے گذشتہ 13 مارچ کو ضلع میں نکسلیوں کے ایک دوسرے حملے میں سی آر پی ایف کے نو جوان شہید ہو گئے تھے۔ پولیس انسپکٹر جنرل سندرراج پی نے کہا کہ دھماکہ دوپہر تین بجے کے قریب پھول باگڑی پولیس تھانہ علاقے میں واقع ایک گاؤں کے قریب جنگل میں ہوا جب سیکورٹی اہلکار نکسل مخالف مہم چلا رہے تھے۔ پھول باگڑی ریاست کے دارالحکومت رائے پور سے تقریبا 500 کلو میٹر دور ہے۔ ڈی آر جی صوبائی پولیس فورس کا حصہ ہے۔ دھماکہ کے بعد نکسلیوں نے ڈی آر جی ٹیم پر فائرنگ بھی کی جس کے بعد دونوں جانب سے گولیاں چلی،تاہم مختصر فائرنگ کے بعد نکسلی فرار ہو گئے۔ سندرراج نے کہا کہ دھماکہ کے بعد علاقے میں اضافی سکیورٹی کو بھیجا گیا اور زخمی جوانوں کو علاج کے لئے ہوائی جہاز سے رائے پور منتقل کر دیا گیا ہے ۔